ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بیلتنگڈی: پھندے سے لٹکتے ملے جڑواں بچے اور ماں۔ بچے اسپتال میں داخل،ماں کی ہوگئی موت 

بیلتنگڈی: پھندے سے لٹکتے ملے جڑواں بچے اور ماں۔ بچے اسپتال میں داخل،ماں کی ہوگئی موت 

Wed, 06 Feb 2019 00:07:16    S.O. News Service

بیلتنگڈی،5؍فروری (ایس او نیوز) ہوسا نگر شیموگہ کی رہنے والی ایک خاتون اوراس کے دو جڑواں بچے اُجیرے کے ایک کرایے کے مکان میں پھانسی کے پھندے سے لٹکتے ہوئے پائے گئے۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں ماں کی موت واقع ہوگئی ہے جبکہ دونوں جڑواں بچوں کو علاج کے لئے اسپتال میں داخل کیاگیا ہے۔ پھانسی لگاکر ہلاک ہونے والی خاتون کا نام بے بی (32سال) بتایا جاتا ہے۔ جبکہ اس کے دونوں بچوں کی عمر ڈھائی سال او ر دو ماہ ہے جن کے نام اکشرا اور اپسرا ہیں۔ اس خاتون نے اس طرح کا انتہائی قدم کیوں اٹھایا اس بارے میں کوئی بات معلوم نہیں ہوئی ہے۔

کہتے ہیں کہ بے بی کا شوہر پروین اُجیرے میں سیلون چلاتا ہے۔ جب وہ شام کے وقت گھر لوٹا تو اس کی بیوی اور دونوں بچے پھانسی کے پھندے سے لٹک رہے تھے۔ اس نے تینوں کو پھندے سے اتارا تو بے بی کی موت واقع ہوچکی تھی مگر بچوں میں زندگی کی علامت پائے جانے پر مقامی لوگوں کی مدد سے منگلورو کے سرکاری اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق پروین اور بے بی کی شادی چارسال قبل ہوئی تھی۔ پروین پہلے ہوسانگر میں سیلون چلایا کرتاتھا۔دو سال قبل ہی وہ اُجیرے میں منتقل ہوگیاتھا اور کرایے کے مکان میں رہنے لگاتھا۔پھانسی لگانے کے اس معاملے کی خبر ملنے پر پولیس سب انسپکٹر روی بی ایس اور عملے نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا اور بتایا کہ قانونی نقطۂ نظر سے اس معاملے کی تحقیقات تحصیلدار کے ذریعے کرنا ضروری ہوتا ہے کیونکہ اس جوڑے کی شادی کو چار سال ہی مکمل ہوئے ہیں۔ شادی کے بعد سات سال کے اندر اس طرح کے واقعات سامنے آئیں تو تحصیلدار کے ذریعے اس کی تحقیقات کی جاتی ہیں۔مہلوک بے بی کے بھائی کی شکایت پر پولیس نے معاملہ درج کرلیا۔


Share: